ایران پر نئی پابندیاں کیا ہیں؟
Reading Time: < 1 minuteامریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے تحت آٹھ ایرانی شخصیات کی بین الاقوامی سفر اور بنک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
جمعے کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سٹیون منچون نے نئی پابندیوں کا اعلان کیا
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے اربوں ڈالر کمانے والی 17 دھات اور کان کنی کرنے والی ایرانی کمپنیوں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
ان پابندیوں میں چین اور سیچیلیز میں تین کمپنیوں کا نیٹ ورک بھی شامل ہے اوراس کے علاوہ خرید و فروخت اور سامان برداری میں استعمال ہونے والا بحری جہاز بھی شامل ہے۔
سٹیون منوچن کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں ایران کی طرف سے عراق میں امریکی فوجیوں پر میزائل حملوں کی وجہ سے لگائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ایران کی معیشت کو نشانہ بنانے کے اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ایرانی حکومت عالمی دہشت گردی کی فنڈنگ بند نہیں کرتی اور کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی یقین دہانی نہیں کرواتی۔
ایرانی حملوں کے ردعمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اس پر مزید معاشی پابندیاں عائد کریں گے۔
امریکی صدر نے عالمی طاقتوں بشمول روس اور چین پر زور دیا تھا کہ ایران کے ساتھ 2015 میں کیا گیا معاہدہ چھوڑ دیا جائے اور ایک نئے معاہدے پر ایران کے ساتھ کام کیا جائے۔