کالم

کورونا وائرس پر متوقع تقریر

مارچ 15, 2020 3 min

کورونا وائرس پر متوقع تقریر

Reading Time: 3 minutes

میرے پاکستانیوں کورونا سے گھبرانا بالکل نہیں ہم دوسرے مسائل کی طرح اس مسئلے پر بھی تیزی کے ساتھ قابو پاتے جارہے ہیں ۔۔۔

دیکھیں نا !

خیبر پختونخواہ میں وزیراعلٰی محمود خان نے کابینہ کی میٹنگ بلائی اور سکول بند کروائے جس سے کورونا کیسز میں بہت کمی دیکھنے میں آئی ۔ شاباش محمود خان.
پنجاب میں عثمان بزدار کی کارکردگی ہمیشہ کی طرح بہت زبردست ہے ،وہ بے چارا ایک طرف کرونا پر قابو پانے میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ،تو دوسری طرف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے بھی دڑ دھوپ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور مسائل ان کی دھلیز پر حل ہوں۔

پہلے تو سارا پیسہ لاھور پر لگتا تھا لیکن اب ہم پورے پنجاب کو پیرس اور لندن سے بہتر بنانے جارہے ہیں اور ویسے بھی میں نے آپ سے کہا تھا کہ دو ہزار بیس ترقی کا سال ہے ۔یہ کام ھم پہلے کر چکے ہوتے لیکن ان ڈاکوؤں نے ملک پر تیس ھزار ارب…نہیں ساٹھ ھزار ارب قرضہ چڑھا دیا تھا . سنیں ! جب ملک کا حکمران ایماندار نہ ہو تو وھاں کرونا وائرس جیسی مصیبتیں آتی ہیں.

ہم ریاست مدینہ کی طرز پر نیا پاکستان بنانے نکلے ہیں ۔
جس میں کوئی طاقتور کسی کمزور کا استحصال نہیں کرے گا ۔

اس سلسلے میں انشاء اللّہ بہت جلد ہم ایک ایسا سسٹم لا رہے ہیں جس میں عوام اداروں کی مدد سے چوروں کا محاسبہ کرےگی ۔

میرے پاکستانیوں آپ نے گھبرانا بالکل نہیں وہ سارے چور اور ڈاکو جو آپس میں ملے ہوئے ہیں اور جنھوں نے باریاں لگا لگا کر اس ملک کو لوٹا اور چوری کا پیسہ باھر لے گئے یہی وجہ ہے کہ وہ سارے ڈاکو لوٹ مار میں مصروف رہے اور پورے ملک میں ایک ڈھنگ کا ہسپتال تک نہ بنا سکے جس کی وجہ سے کرونا وائرس تباہی پھیلا رہا ہے۔

میرے پاکستانیوں کرونا کوئی اتنا خطرناک وائرس بھی نہیں ۔ بس آپ لوگوں نے احتیاط کرنی ہے ایک دوسرےکے ساتھ ھاتھ ملانے سے گریز کریں اور ویسے بھی ہر وقت ھاتھ ملانے کی ضرورت کیا ہے؟

بعض فضول قسم کے لوگ ہر وقت ھاتھ ملاتے رہتے ہیں ۔جب میں نے پہلی بار پاکستان کے لئے ورلڈکپ جیتا تو پوری دُنیا حیران تھی کہ یہ کیا ہو گیا اس لئے میں جہاں جاتا لوگ مجھ سے ھاتھ ملاتے ۔

چلیں چھوڑیں اس بات کو ۔۔

میرے پاکستانیوں جب میں شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے نکلا تو سب کہتے تھے کہ یہ ممکن نہیں لیکن میں نے کہا کرکے دکھاؤنگا ۔

سنو سنو ۔۔۔ پیغمبر علیہ السلام جب مکے میں ۔۔۔۔۔۔ (یہ حصہ حذف کر دیتا ہوں )

میرے پاکستانیوں جب ملک کے حکمران نواز شریف اور زرداری کی طرح چور ہوں تو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا کیونکہ ان کا مقصد پیسہ بنانا ہوتا ہے اور پھر یہ سارا پیسہ باہر ملکوں کے بینکوں میں رکھتے ہیں اور اس پر عیاشی کرتے ہیں ان کی اولادیں بھی پاکستان سے باہر رہتی ہیں اور جب ان ڈاکوؤں کو پکڑتےہیں تو سب مل کر سازشیں کرنے لگتے ہیں ۔

او جی جمہوریت خطرے میں ہے ملک برباد ہوگیا۔

لیکن میری بات سنیں ۔۔
میں کسی چور اور ڈاکو کو نہیں چھوڑوںگا ،سب کو اندر کر دونگا اور ھاں اُس دن ہم نے میر شکیل کو پکڑا تو بس ایک شور مچ گیا ۔

او جی ! میڈیا پر پابندی لگائی جارہی ہے انتقامی کاروائیاں ہو رہی ہیں۔

لیکن سنیں !
آپ کتنا ہی شور کیوں نہ مچائیں لیکن کسی کو بھی نہیں چھوڑونگا ۔
نیب بڑا زبردست کام کر رہا ہے اور نیب آزاد ہے اس کے کام میں حکومت کوئی مداخلت نہیں کرتی میں نے نیب کو ھدایت کی ہے کہ آٹا ،چینی بحران کے ذمہ داروں کو پکڑیں اس بحران کے ذمہ دار شریف اور زرداری ہیں کیونکہ شوگر ملوں کے مالک بھی وہ ہیں اس سلسلے میں پوری انوسٹی گیشن کررہے ہیں اور بہت جلد عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔

میرے پاکستانیوں کرونا وائرس کے خلاف ہماری حکومت کے شاندار اقدامات کی دُنیا بھر میں تعریف ہو رہی ہے ہم اگلی فیز میں ایک منصوبہ لا رہے ہیں کہ ہر گھر میں صابن کی ایک ایک ٹکیہ دی جائے تاکہ عوام باقاعدہ ھاتھ دھوتے رہیں اور ان پر مالی بوجھ بھی نہ پڑے ،یہ بڑا زبردست منصوبہ ہے۔

میرے پاکستانیوں آپ نے گھبرانا بالکل نہیں جوں جوں گرمی بڑھے گی کرونا وائرس خود بخود ختم ہوتا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی ٹیلی وژن نیٹ ورک کا رابطہ منقطع ہوجائے گا اور عوام حسب سابق باقی تقریر سے محروم رہ جائیں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے