ہلاکتوں کی جاری کردہ تعداد غلط تھی: چین
Reading Time: < 1 minuteچین میں حکام نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے مرکزی شہر ووہان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ان سے غلطی ہوئی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں چین پر ہلاکتوں کی تعداد اور وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے درست اور بروقت معلومات فراہم نہ کرنے پر تنقید کے بعد ووہان شہر کی مقامی انتظامیہ نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے۔
چین کے سوشل میڈیا پر ووہان شہر کی انتظامیہ نے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وبا کے مرکز میں پہلے بتائی گئی تعداد سے 50 فیصد زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
جمعے کو پوسٹ کیے گئے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ووہان شہر میں ایک ہزار 290 ہلاکتیں پہلے کے جاری کردہ اعداد و شمار کا حصہ نہیں۔ ایسا غلطی سے ہوا یا رپورٹ درست نہیں ہوا اس بارے میں تاحال نہیں بتایا گیا۔
ووہان شہر کی انتظامیہ کی جانب سے نئے اعداد وشمار کے بعد اب ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 869 ہو گئی ہے جبکہ چین میں کل ہلاکتیں چار ہزار 632 تک پہنچ گئی ہیں جو پہلے کی نسبت 39 فیصد اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 44 ہزار افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔