جیسنڈا پھر آگے ’آؤ وزیراعظم بدلیں‘
Reading Time: < 1 minuteنیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ارڈن ایک بار پھر دنیا بھر کے میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہیں۔
اس بار ان کو عالمی وبا کورونا وائرس کو اپنے ملک سے ختم کرنے پر پذیرائی مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے کہا ہے کہ کیا جیسنڈا کو ان کے ملک کی باگ ڈور کچھ عرصے کے لیے نہیں دی جا سکتی تاکہ مسائل ختم ہو سکیں۔
پیر کو جب نیوزی لینڈ میں کورونا کے آخری مریض کو بھی ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تو پڑوسی ملک آسٹریلیا کے باشندوں نے سب سے پہلے جیسنڈا ارڈن کو خراج تحسین پیش کرنا شروع کیا۔
آسٹریلوی شہریوں نے نیوزی لینڈرز کو لکھا کہ ’آؤ کچھ عرصے کے لیے وزیراعظم بدلیں۔‘
نیوزی لینڈ کے شہریوں نے لکھا کہ ان کو اپنے ملک، انتظامیہ اور جیسنڈا ارڈن پر فخر ہے۔ دنیا کے دیگر ملکوں میں مقیم نیوزی لینڈ کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں کہ نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے۔
امریکہ، برطانیہ، برازیل، انڈیا اور پاکستان کے شہریوں نے بڑی تعداد میں جیسنڈا ارڈن کے حق میں پوسٹس اور ٹویٹس کیں اور اپنی حکومتوں کے سربراہوں کو ناکامی پر آڑے ہاتھوں لیا۔