عمران فاروق قتل کیس میں تین ملزمان کو عمر قید
پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے لندن میں قتل کیے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تینوں گرفتار ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ڈاکٹر عمران فاروق کیس کا مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
گرفتار ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کی عدالت میں حاضری ویڈیو لنک کے ذریعے لگوائی گئی۔
فیصلہ سناتے ہوئے جج نے کہا کہ تینوں ملزمان کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق کے ورثا کو 10،10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور افتخار حسین کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ عدالت نے اشتہاری ملزمان محمد انور اور کاشف کامران کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

