پاکستان میں مزید 148 ہلاک، کئی علاقے سیل
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 148 مریض وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 83 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد تین ہزار 903 ہو گئی ہے۔
صوبہ پنجاب میں اموات 1602 ہو گئی ہیں۔ لاہور کے کمرشل علاقوں سمیت گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہر کے سات سیلیکٹڈ مقامات میں فیصل ٹاؤن، ڈی ایچ اے، گلشن راوی اور والڈ سٹی کے علاقے شامل ہیں جن کو رات بارہ بجے سے اگلے دو ہفتوں تک کے لیے مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 115 ہو گئی ہے جبکہ شہر کے مزید تین سیکٹرز کو سیل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے جی سکس سیکٹر میں ون اور ٹو کے علاقے کو آمد ورفت کے لیے بند کر دیا ہے۔ تجارتی مرکز آبپارہ کی سڑک کے یوٹرن بھی بند کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حکام نے کورونا کے روزانہ ٹسیٹ کرانے کی شرح میں کمی کر دی ہے۔ گزشتہ ہفتے روزانہ 30 ہزار یا اس سے زائد ٹیسٹ کیے جاتے تھے مگر رواں ہفتے کے دوران ٹیسٹ 21 ہزار یومیہ پر آ گئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آ رہی ہے۔

