یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد
یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے، اطلاق چار جولائی سے ہو گا۔ قومی ایئرلائن کی یورپ کے لیے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
قبل ازیں یہ پابندی یکم جولائی سے عائد کی گئی تھی تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے یورپی ملکوں میں پھنسے پاکستانی طیاروں اور ان کے عملے کی واپسی کی درخواست پر تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔
کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کے بعد وزیر ہوا بازی کے پائلٹس کے جعلی لائسنسز کے حوالے سے بیانات پر دنیا کی تشویش عملی طور پر سامنے آئی ہے اور یورپین ایئر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا اپنے ممالک میں داخلہ کا اجازت نامہ چھ ماہ کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اعلان کے مطابق قومی ایئر لائن کے ایئر سیفٹی کے معاملات بہتر نہ ہونے پر معطلی کے دورانیے میں تین ماہ کا اضافہ بھی ہو سکتا ہے جبکہ قومی ایئر لائن کی انتظامیہ دو ماہ تک اس فیصلہ کے خلاف اپیل بھی کر سکتی ہے۔
ای اے ایس اے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق پی آئی اے سے ایئر سیفٹی معاملات 2019میں اٹھائے گئے جنھیں پورا کرنے کے کئے نو ماہ کا وقت بھی دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کراچی طیارہ حادثہ کی عبوری رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرتے وقت ایک تہائی پاکستانی پائلٹس کے جعلی لائسنسز کے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
یورپیئن ایئر سیفٹی ایجنسی کے جانب سے پی آئی پروازوں کے یورپی ممالک میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کی یورپ کے لیے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کے بکنگ ہے وہ ریفنڈ حاصل کرنے یا ٹکٹ کی تاریخ کو آگے کروا سکتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئر لائن انتظامی یورپین فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے اقدامات کے باعث معطلی کا فیصلہ جلد واپس لے لیا جائے گا۔

