شیخوپورہ: سکھ خاندان کی گاڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، 20 ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں سکھ یاتریوں کی ایک بس ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرنے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو پشاور سے ننکانہ صاحب گردوارہ آئے تھے۔
ڈی پی او غازی صلا الدین کے مطابق اس کوسٹر میں تقریباً 27 افراد سوار تھے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
ڈی پی او نے کہا کہ یاتریوں کی تین گاڑیاں تھیں، دو گاڑیاں پھاٹک کراس کر گئیں جبکہ تیسری گاڑی شہر کے دوسرے پھاٹک کی طرف آگئی جو بند تھا کیونکہ ٹرین آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ڈرائیور نے جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پھاٹک کو چھوڑ کر 25، تیس گز پیچھے ایک کچے ٹریک کے ذریعے گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور پیچھے سے آنے والی ٹرین کی زد میں آگئی۔

