نواز شریف اگلی سماعت پر پیش ہوں: ہائیکورٹ
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائیکورٹ نے لندن میں علاج کے لیے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کو اگلی سماعت پر 10 ستمبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نواز شریف نے علاج کے لیے چھ ہفتوں کی ضمانت حاصل کی تھی جس کی توسیع کے لیے عدالتی ہدایت کے باوجود پنجاب حکومت نے ان کی درخواست پر کارروائی نہیں کی۔
منگل کو مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایک موقع دے رہے ہیں، اگلی سماعت پر نواز شریف عدالت میں پیش ہوں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے وکلا سے کا کہا کہ اگر آپ کو خدشہ ہے کہ نواز شریف کو ائیر پورٹ پر گرفتار کیا جاسکتا ہے تو اس حوالے سے بھی احکامات جاری کر دیتے ہیں۔
بینچ نے نے پوچھا کہ واپس آنے میں خطرہ کیا ہے؟ کیا نیب ان کو گرفتار کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود ہے؟
خیال رہے کہ رواں ہفتے نواز شریف نے ایک درخواست کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو صحت یابی کے فوری بعد پاکستان واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کی تھی کہ ’اگر ڈاکٹرز نے صحت یابی کے بعد اجازت دی تو پہلی فلائٹ سے پاکستان آؤں گا۔‘
درخواست میں سابق وزیراعظم نے استدعا کی کہ صحتیابی کے بعد وطن واپسی تک اپیل پر سماعت ملتوی کی جائے یا نامزد نمائندے کے ذریعے سماعت کی جائے۔