معلوم نہیں پولیس کس کے کہنے پر مقدمات درج کرتی ہے: عدالت
Reading Time: < 1 minuteکراچی میں گزشتہ روز مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد گرفتار اور رہا کیے گئے صحافی بلال فاروقی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
مجسٹریٹ نے پولیس کی جانب سے مقدمے میں غلط دفعہ شامل کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پتا نہیں پولیس کیا سوچ کر اور کس کے کہنے پر ایف آٸی آر درج کرتی ہے۔
مجسٹریٹ نے متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ اگر آٸندہ اس طرح ایف آٸی آردرج کی تو جیل بھیج دیا جائے گا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ قانون کے مطابق مقدمے کی رپورٹ پیش کریں۔
مجسٹریٹ نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ ‘آپ کو معلوم ہے کہ کیا کرنا ہے۔ ساٸبر کراٸم کی دفعہ شامل کرنے کی ہدایت نہیں دیں گے۔ ایف آٸی اے چاہے تو مقدمے کو آگے بڑھائے نہ چاہے تو نہ کرے، عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ صحافی بلال فاروقی کو پولیس نے گذشتہ روز گرفتار کرنے کے بعد رات گئے شخصی ضمانت پر رہا کردیا تھا۔
بلال فاروقی کے خلاف کراچی کے ڈیفنس تھانے میں فوج مخالف اور مسلکی منافرت پھیلانے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔