بائیڈن فتح کے قریب، ٹرمپ دوبارہ گنتی پر بضد
Reading Time: < 1 minuteامریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے انتخابی کالج کے 243 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 214 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ فتح کے قریب ہیں اور جیسے ہی سارے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگی ان کی فتح یقینی ہے مگر وہ حتمی نتائج کے بعد ہی اس کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے وسکانسن ریاست میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔
قبل ازیں بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ الیکشن جیت چکے ہیں اور یہ اب فراڈ ہے جس کے خلاف وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔
امریکہ کے صدارتی الیکشن میں 50 میں سے 43 ریاستوں کے متوقع نتائج جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ سات ریاستوں کے حتمی نتائج کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
صدر بننے کے لیے کم از کم 270 ای سی ووٹس کی ضرورت ہے اور اب ساری نظریں کڑے مقابلے والی ریاستوں پر ہیں جہاں ووٹ گنے جا رہے ہیں۔
ریاست کیلیفورنیا میں سب سے زیادہ 55 الیکٹول ووٹ ہیں جہاں جوبائیڈن کو کامیابی ملی ہے۔