سائنس کے لیے غیر معمولی دن، کورونا کی ویکسین تیار
Reading Time: < 1 minuteکورونا کے خلاف 90 فیصد مؤثر نتائج دینے والی ویکسین بنانے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ‘یہ انسانیت اور سائنس کے لیے ایک غیر معمولی اور بہت بڑا دن ہے۔’
فائزر اور بائیو ٹیک فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے مطابق انہوں نے ایک ایسی موثر ویکسین تیار کر لی گئی ہے جس کے ابتدائی تجرباتی نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ وہ نوے فیصد لوگوں کو کووڈ کی لپیٹ میں آنے سے بچا سکتی ہے۔
اس ویکسین کو تجرباتی سطح پر چھ ملکوں میں 43500 لوگوں کو لگایا گیا اور اس کے بارے میں اب تک کوئی خدشہ یا کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔
ان کمپنیوں کا ارادہ ہے کہ وہ اس ویکسین کی منظوری ہنگامی بنیادوں پر حاصل کریں تاکہ اس ماہ کے آخری تک اس کا استعمال شروع کیا جا سکے۔
دنیا بھر میں عام لوگوں کی زندگیوں پر اس بیماری کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں سے بہتر علاج اور اس ویکسین کے استعمال سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔
دنیا میں کئی بڑی ادویہ ساز کمپنیاں ایک درجن سے زائد ویکسین تیار کرنے پر کام کر رہی ہیں جو کہ تجربات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں ہیں لیکن یہ پہلی ویکسین ہے جس کے نتائج سامنے آئے ہیں۔