متفرق خبریں

ممبئی میں ’کراچی سویٹس‘ کے نام کی تبدیلی کا مطالبہ کیوں؟

نومبر 20, 2020 2 min

ممبئی میں ’کراچی سویٹس‘ کے نام کی تبدیلی کا مطالبہ کیوں؟

Reading Time: 2 minutes

انڈیا کی ریاست مہاراشٹرکے دارالحکومت ممبئی میں شیوسینا لیڈرنتن نندگاؤنکر کی دھمکی کے بعد باندرہ ویسٹ میں واقع مٹھائیوں کی دکان ’کراچی سویٹس‘ کے مالک نے دکان کے نام کو ڈھانپ دیا ہے۔ تاہم شیوسینا اس اقدام پر نندگاؤنکر کے ساتھ نہیں ہے۔
جمعرات کے روز پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے ’کراچی سویٹس‘ کی حمایت کی ہے۔ راوت نے کہا کہ دکان کے مالک کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے ، لہٰذا دکان کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ شیوسینا کا نہیں۔
اس سے قبل شیوسینا لیڈر نند گاؤنکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ’کراچی سویٹس‘ کے مالک سے دکان کے نام سے لفظ ’کراچی‘ ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

کراچی سویٹس کے مالک کو دھمکی دیتے ہوئے نندگاؤنکر نے کہا تھا کہ انہیں دکان کا نام تبدیل کرنا پڑے گا۔ نند گاؤنکر کےمطابق کراچی کا نام پاکستان سے وابستہ ہے اور ممبئی میں یہ نام استعمال نہیں ہوگا۔ پاکستان دہشت گردوں سے بھرا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکان مالک کو جلد از جلد اپنی دکان کا نام تبدیل کرنا چاہیے اور وہ اس تبدیلی کی مہلت دینے کیلئے تیار ہیں۔
اس معاملے میں کراچی سویٹس کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ نام اس کی وراثت ہے اور اس کے اجداد کراچی سے تعلق رکھتے تھے ۔

نند گاؤنکر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے شیوسینا لیڈر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے نندگاؤنکر کو بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں چلائے جارہے چائنیز ریستورنٹس کا چین سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس طرح ’ کراچی سویٹس ‘ کا بھی پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نروپم نےوزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے اس معاملےمیں ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
معاملے کو بڑھتا ہوا دیکھ کر شیوسینا نے بھی پارٹی کارکنان کے اس فعل سے دور ہونا شروع کردیا ہے۔ شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت نے کہا ‘کراچی بیکری اور کراچی سوئٹس 60 سال سے ممبئی میں ہیں۔ ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ان سے دکان کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کرنا شیوسینا کا موقف نہیں ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے