پاکستان کا موجودہ ڈی جی آئل ڈنگر ڈاکٹر ہے: شاہد خاقان عباسی
پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اڑھائی برس بعد بھی سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ ان کے خلاف احتساب بیورو کی جانب سے بنایا گیا مقدمہ کیا ہے اور 26 صفحات کی فردِ جرم میں کہیں واضح نہیں کہ جرم کیا سرزد ہوا ہے؟
منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جس نے ایل این جی مہنگے داموں خریدنے کی شکایت لگائی، دیکھتے ہیں وہ عدالت بھی آتا ہے یا نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس نے شکایت کی وہ رشید احمد ہے اور شکایت میں اس کی ولدیت کا پتہ نہیں،جبکہ شکایت ایل این جی ٹرمینل سے متعلق ہے۔
مسلم لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ڈیزل ایل این جی سے سستا ہے، اور یہ یہ موجودہ حکومت کی کامیابی ہے کہ ڈیزل ایل این جی سے سستا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کے مطابق 2 ایل این جی شپ سے 11 ارب ڈالر کا نقصان ہو گا، اور بروقت ایل این جی کا آڈر نہ کرنے کی وجہ سے 122 ارب کا نقصان ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال میں ایل این جی امپورٹ سے جو نقصان ہوا وہ حکومت بتا دے۔
شاہد خاقان عباسی نے موجودہ ڈی جی آئل کی اہلیت اور تعلیم کا بھی مذاق اڑایا اور کہا کہ پاکستان کے ڈی جی آئل ڈنگر ڈاکٹر ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم ایل این جی ٹرمینل سے متعلق نیب ریفرنس میں تین ماہ سے زائد حراست میں بھی رہے اور ضمانت پر رہا ہوئے۔

