ماتحت عدالتوں کے ججز زبانی ہدایات پر کسی کو گرفتار نہ کرائیں: ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ماتحت عدالتوں کو گرفتاری کے زبانی احکامات سے روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عدالتی روایات کا پاس رکھا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی ہدایت پر ممبر انسپکشن ٹیم نے ماتحت عدلیہ کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کمرہ عدالت سے کسی شخص کو زبانی احکامات پر گرفتار نہ کرایا جائے، زبانی احکامات پر گرفتاریاں طے شدہ عدالتی روایات کے خلاف ہیں۔
اسلام آباد ایسٹ اور ویسٹ کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت نامہ بھجواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی ہدایات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے سول جج وقار الدین گوندل نے کورٹ رپورٹر عمران منصب کو زبانی احکامات پر کمرہ عدالت سے گرفتار کروایا تھا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے معاملہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کے نوٹس میں لاتے ہوئے کارروائی کی استدعا کی تھی۔

