پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی بندش عارضی ہے: متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبدالله بن زاید النیہان نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور پاکستان کے مابین گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں جن میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے۔
اتوار کو امارات کی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے کہا کہ ان کا ملک 15 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور موجودہ سفری پابندیاں عالمی وبا کی وجہ سے ہیں۔
بیان کے مطابق ’وبا کی وجہ سے عائد ویزوں کے اجرا میں پابندیاں عارضی ہیں۔‘
خیال رہے کہ امارات نے پاکستانیوں کے لیے نئے ویزوں کے اجرا پر ایک ماہ قبل پابندی عائد کر دی تھی جس پر عمل تاحال جاری ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ کا اہم بیان پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیرخارجہ شیخ عبدالله کا کہنا تھا کہ پاکستانیبرادری نے امارات کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
’پاکستان نے امارات کے قیام کے ساتھ ہی سفارتی تعلقات قائم کیے۔
’علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ردعمل کو مربوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

