پاکستان کا ’گستاخانہ مواد اور موجودہ خلیفہ‘ پر گوگل کو نوٹس
Reading Time: < 1 minuteپاکستان نے بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور وکی پیڈیا کو اپنے پلیٹ فارمز سے گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔
جمعے کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کو گوگل پلے سٹور پر قرآن پاک کے غیر مستند نسخے کے اپلوڈ کیے جانے اور مرزا منصور کو مسلمانوں کا موجودہ خلیفہ ہونے کا مواد شائع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق گوگل سرچ انجن اسلام کے موجودہ خلیفہ کے حوالے سے بھی گمراہ کن نتائج دکھاتا ہے جس کے خلاف شکایات آئی ہیں۔
پی ٹی اے کے اعلامیے مطابق یہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے جس پر گوگل کمپنی سے رابطہ کر کے غیرقانونی مواد ہٹانے کے لیے کہا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ متعلقہ پلیٹ فارم کو پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 (پی ای سی اے) اور قواعد 2020 کے تحت گستاخانہ مواد ہٹانے کا نوٹس جاری کیا گیا۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق وکی پیڈیا پر پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی موجودگی اور مضامین کے ذریعے مرزا منصور کو خلیفہ بتانے کی گمراہ کن معلومات پھیلانے کے خلاف بھی شکایات آئی ہیں جن پر پلیٹ فارم کو مواد ہٹانے کے لیے نوٹس بھیجا گیا ہے۔