موٹر ویز کے کئی حصے غیر محفوظ، چار سال میں 37 وارداتیں
پاکستان کی موٹر ویز پر جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور سفر کرنے والوں کو بلا کسی ایمرجنسی کے گاڑی روکنے سے منع کیا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویز کے مطابق موٹر ویز پر گزشتہ چار سال کے دوران ہونے والے جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وزارت مواصلات کے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ چار سال کے دوران جرائم کے 37 واقعات رونما ہوئے۔ اور موٹروے ایم ون پشاور رشکئی سیکشن اور ایم ٹو کالا شاہ کاکو لاہور سیکشن کو سب سے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پشاور رشکئی سیکشن پر پانچ اور کالا شاہ کاکو لاہور سیکشن پر پانچ واقعات رونما ہوئے۔ جبکہ ایم ون رشکئی صوابی سیکشن اور برہان اسلام آباد سیکشن پر چار، چار جرائم کے واقعات ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹرویز پر جرائم کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اور جرائم والے علاقوں میں خصوصی اسکواڈز تعینات کئے گئے ہیں۔
وزارت مواصلات کے حکام کا کہنا ہے کہ شہری اندھیرے میں غیر ضروری طور پر موٹروے پر نہ رکیں۔

