’پھر تو قرضے کے لیے وزیراعظم ہاؤس بھی گروی رکھا جا سکتا ہے‘
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قرض لینے کے لیے اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کی مخالفت کرتے ہوئے وزارت خزانہ کے حکام سے کہا ہے کہ ’سکوک بانڈز کے لیے عوامی پارک پارک کے بجائے ایلیٹ کے اسلام آباد کلب کو گروی رکھنے کی سمری بھیجی جائے۔‘
نجی ٹی وی چینلز کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سکوک بانڈز کے اجرا کے لیے ایف نائن پارک کی زمین کو گروی رکھنے کی سمری پیش کرنے پر وزارت خزانہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کئی وزرا نے بھی وزیراعظم کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کی مخالفت کی۔
عمران خان نے وزارت خزانہ کے حکام کی بریفنگ پر عدم اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ سکوک بانڈڈ کے لیے جائیداد یا بلڈنگز گروی رکھنا علامتی ہے تو پھر وزیراعظم ہاؤس کو بھی رکھا جا سکتا ہے۔

