کشمالہ طارق کے شوہر کی گاڑی نے شہری کچل دیے، چار ہلاک
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر جی الیون ٹریفک سگنل پر حادثے میں چار افراد ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ ایکسیڈنٹ سابق رکن قومی اسمبلی کشمالہ طارق کے خاوند کی تیز رفتار لیکسس جیپ کے دوسری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔ لاشیں اور زخمی اسپتال منتقل، پولیس نے گاڑی قبضہ میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتارلیکسس وین سگنل پر کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا،سابق ایم این اے کشمالہ طارق کے خاوند کے زیر استعمال گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی،موٹرسائیکل سواروں کو روندتے ہوئے دوسری گاڑی سے جا ٹکرائی،حادثہ اس قدر شدید تھا کہ مہران گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے وقت کشمالہ طارق کا بیٹا اور خاوند بھی گاڑی میں موجود تھے،کشمالہ طارق کے خاوند راول ڈیم روڈ اسلام آباد پر واقع ایک معروف ہوٹل(بیسٹ ویسٹرن) کے مالک ہیں۔
حادثے میں مرنے والے افراد کی شناخت انیس،حیدر،فیصل اور فاروق کے نام سے کی گئی، دو زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حادثے میں کشمالہ طارق کے خاوند کو بھی معمولی چوٹیں آئیں،جو حادثے کے بعدبیٹے سمیت ذاتی محافظوں کے حصار میں موقع پر جمع ہونے والے افراد کو یہ کہہ کر چلے گئے کہ ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا وہ پچھلی سیٹ پر سو رہے تھے۔
گاڑی کے ڈرائیور فیاض کو موقع پر موجود افراد نے قابو کرلیا اور حادثہ کے آدھ گھنٹہ بعد موقع پر پہنچنے والی تھانہ رمنا پولیس کے حوالے کیا،پولیس نے گاڑی اور ڈرائیور کو تھانہ منتقل کردیا ہے،لاشوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،پولیس ترجمان کے مطابق جانبحق تین افراد کا تعلق مانسہرہ سے ہے،جن کے لواحقین سے رابطہ کی کوشش کی جا رہی ہے۔

