پاکستان24 متفرق خبریں

اپوزیشن استعفے نہ دے سکی، لانگ مارچ کی تاریخ دیدی

فروری 5, 2021

اپوزیشن استعفے نہ دے سکی، لانگ مارچ کی تاریخ دیدی

پاکستان میں اپوزیشن اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اسمبلیوں سے استعفوں اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمان نے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ ان کے ہمراہ مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین بھی تھے۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے بتایا کہ ’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں سینیٹ انتخابات میں ایک دوسرے سے مقابلہ نہیں کریں گی اور یہ الیکشن مل کر لڑیں گی۔‘

مولانا فضل الرحمان کا کہنا کہ ’اپوزیشن ایوان کی کارروائی چلانے میں حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کو بھی مسترد کرتی ہے۔‘

’پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے براڈ شیٹ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جسٹس (ریٹائرڈ) عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں کمیشن کے قیام کو مسترد کرتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ حکومت نے ایسا صرف اپنی کرپشن کی پردہ پوشی کے لیے کیا ہے۔‘

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’اس معاملے پر پی ڈی ایم کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لگتا ہے تحریک انصاف کو اپنے لوگوں پر اعتماد نہیں اور وہ ایسے افراد کو سینیٹر بنانا چاہتی ہے جنہیں خود ان کے اپنے لوگ بھی پسند نہیں کرتے۔‘

الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’سٹیٹ بینک نے 23 اکاؤنٹس کا ذکر کیا ہے، ان اکاؤنٹس میں سے 18 کو چُھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس معاملے میں فوری فیصلہ کیا جانا چاہیے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے