اسلام آباد میں فائرنگ، جے یو آئی کے مقامی رہنما سمیت تین قتل
اسلام آباد کے تھانہ بہارہ کہو کے علاقے پرنس روڈپر فائرنگ کرکے گھر کے باہر کھڑے امام مسجد، ان کے بیٹے اور شاگرد کو قتل کر دیا گیا، لاشیں پولیس کلینک اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکھٹے کرلئے،مقتول جے یو آئی راولپنڈی کے سالار مفتی کرامت الرحمن کے بھائی اور سرگرم کارکن تھے۔
ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھانہ بارہ کہو کے علاقے پرنس روڈ گلی نمبر دس میں پیش آیا، گھر کے باہر گلی میں کھڑے مفتی اکرام، بیٹے حبیب اور شاگرد سمیع اللہ کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا،فائرنگ خے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے لاشیں پولی کلینک اسپتال منتقل کیں۔
پولیس کے مطابق فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد جمع کیے ہیں، جبکہ سینئر افسران نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے، واقعہ کے بارے میں ابتدائی طور پر کچھ بھی بتانے سے گریز کیا گیا۔
مقتول مفتی اکرام الرحمن جامع مسجد اکبر جہاں کے خطیب اور جے یو آئی راولپنڈی کے سالار مفتی کرامت کے بھائی تھے۔
مقتولین کی لاشیں اسپتال منتقل کرنے کے بعد جے یو آئی راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنان کی کثیر تعداد پولی کلینک اسپتال پہنچ گئی جبکہ جے یو آئی کے رہنماؤں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

