پاکستان24 متفرق خبریں

”پھانسی لگا دیں“، فیصل واوڈا کی تقریر پر الیکشن کمیشن کی پھر مہلت

مارچ 18, 2021

”پھانسی لگا دیں“، فیصل واوڈا کی تقریر پر الیکشن کمیشن کی پھر مہلت

پاکستان کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا اپنی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر جواب دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ اگر انہوں نے غلط بیانی کی ہو تو پھانسی لگا دی جائے۔

فیصل واوڈا گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہو رہے تھے۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن میں فیصل واڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔

کمیشن کے سامنے واوڈا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد ان کو نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

وکیل نے کہا کہ پہلے مخالف فریقین کی درخواستوں کو خارج کر کے از خود تحقیق شروع کریں گے تو میں داخل کردہ حلفیہ بیان پر دلائل شروع کروں گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، دلائل دیں اور کمیشن فیصلہ کرے گا۔

کمیشن کے رکن نے کہا کہ ایک ہی نقطہ ہے کہ آیا کاغذات نمائندگی جمع کراتے وقت داخل کردہ حلفیہ بیان کے مطابق آپ کی دوھری شہریت تھی یا نہیں؟ اگر الیکشن کمیشن از خود تحقیق بھی کرتا ہے تو کسی کی شکایت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

قبل ازیں سماعت کے آغاز پر فیصل واوڈا ذاتی حیثیت میں وکیل بیرسٹر معید کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ کچھ غلط کیا ہو تو پھانسی لگا دیں۔

سماعت کے بعد فیصل واوڈا صحافیوں کے اس سوال کا جواب نہ دے سکے کہ انہوں نے امریکی شہریت کس تاریخی کو ترک کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے