پاکستان24 متفرق خبریں

موٹر وے گینگ ریپ کیس کے دو ملزمان کو سزائے موت

مارچ 20, 2021

موٹر وے گینگ ریپ کیس کے دو ملزمان کو سزائے موت

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹر وے پر خاتون کا ریپ کرنے والے دو ملزمان کو ایک ایک بار سزائے موت اور عمر قید سنائی ہے۔

سنیچر کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا کو ایک ایک بار سزائے موت اور ایک ایک بار عمر قید کی سزا سناتے ہوئے ملزمان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنا دی ہے۔

مقدمے کی سماعت لاہور کے کیمپ جیل میں کی گئی جہاں استغاثہ کے 37 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ گواہان میں متاثرہ خاتون اور مقدمہ مدعی کا بیان بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نو اور 10 ستمبر کی درمیانی شب لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر رنگ روڈ کے قریب گینگ ریپ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جب ایک خاتون اپنے تین بچوں کے ساتھ موٹر وے پر رات گئے اس وجہ سے کھڑی تھیں کہ ان کی کار کا پیٹرول ختم ہوگیا تھا۔

اسی دوران دوافراد نے بچوں کے سامنے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں افراد کی شناخت عابد ملہی اور شفقت بگا کے نام سے کی۔

خاتون نے دونوں ملزمان کے گرفتاری کے بعد انہیں شناخت کر لیا تھا۔ واقعہ کے ایک ملزم شفقت عرف بگا کو پولیس نے ایک ہفتے کے اندر یعنی 14 ستمبر کو دیپالپور سے حراست  میں لیا تھا، جبکہ تقریبا ایک مہینے کے بعد 12 اکتوبر کو عابد ملہی لاہور کے قریبی علاقے مانگا منڈی سے گرفتار ہوا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے