پاکستان24 متفرق خبریں

نئے شہر بسا کر دولت میں اضافہ کریں گے: وزیراعظم عمران خان

اپریل 8, 2021 2 min

نئے شہر بسا کر دولت میں اضافہ کریں گے: وزیراعظم عمران خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملک میں معاشی حالات خراب ہونے کی وجہ قرضوں کی اقساط واپس کرنے کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بعض وزیروں کو بھی اس بات کی سمجھ نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے قرضے لے لیے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں۔ حکومت لاہور اور کراچی میں دو نئے شہر بسانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے ’دولت میں اضافہ ہو گا۔‘

جمعرات کو اسلام آباد کے علاقے فراش ٹاؤن میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’گزشتہ اڑھائی سالوں میں حکومت نے 35 ہزار ارب روپے قرضوں کی واپسی کی مد میں خرچ کیے جبکہ پچھلی حکومت نے اپنے پہلے اڑھائی سالوں میں 20 ہزار ارب روپے قرضوں کی واپسی میں خرچ کیے۔‘

انہوں نے کہا کہ جو 15 ہزار ارب روپے حکومت نے اضافی خرچ کیے وہ اگر سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جاتے تو آج حالات مختلف ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے وزیروں کو بھی نہیں پتا کہ کیوں اڑھائی سال ہم نے تنگی میں گزارے ہیں۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’بدقسمتی سے معیشت کو درست طریقے سے نہیں چلایا گیا اور ملک پر قرضے چڑھتے جا رہے ہیں جبکہ دولت نہیں پیدا ہو رہی۔‘

وزیراعظم کے مطابق حکومت لاہور اور کراچی میں دو نئے شہر بسانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے ’دولت میں اضافہ ہو گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے دیگر 30 صنعتیں بھی چلنا شروع ہو جائیں گی۔

’اب بھی ملک میں تعمیرات کی صنعت ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ پچھلے ماہ تاریخ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی فروخت دیکھنے میں آئی۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے