امریکہ میں فائرنگ سے آٹھ ہلاک، حملہ آور کی خودکشی
امریکی ریاست انڈیانا کے مرکزی شہر انڈیاناپولس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے کم از کم آٹھ افراد کو ہلاک کرنے کے بعد خود کوگولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پولیس ترجمان گینائے کُک کا کہنا ہے کہ جمعرات کو رات گئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ’فیڈایکس‘ کے دفتر میں مرنے والوں کی لاشیں ملیں۔
جریمیا ملر نامی ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ایک آدمی کو فائرنگ کرتے دیکھا اور 10 سے زیادہ گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں۔
عینی شاہد کے مطابق ’میں نے ایک آدمی کو سب مشین گن طرز کی آٹومیٹک رائفل کے ساتھ دیکھا۔ وہ کھلے علاقے میں فائرنگ کر رہا تھا۔ میں گھبرا گیا اور جلدی سے چھپ گیا۔‘
پولیس ترجمان نے رپورٹرز کو بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ حملہ آور نے خود کشی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام سمجھتے ہیں کہ لوگوں کی جان و مال کو اب کوئی خطرہ نہیں۔
فیڈکس کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعہ ان کے دفتر میں پیش آیا اور کمپنی حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اپنے گراؤنڈ فلور پر ہونے والے واقعہ سے واقف ہیں۔‘
کمپنی کے ایک اور ملازم نے وش ٹی وی کو بتایا کہ فائرنگ شروع ہونے کے بعد انہوں نے پولیس کی 30 گاڑیوں کو جائے وقوعہ کی جانب آتے دیکھا۔

