انصاف ہے نہ ایمانداری، ”ترین چھ دنوں میں جواب دیں گے“
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں برسر اقتدار جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو لاہور کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں تین مئی تک عبوری ضمانت میں توسیع دی ہے۔
سنیچر کو عدالت میں پیشی کے بعد تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ سوا سال سے وزیراعظم ہاؤس نہیں گیا۔ پہلے کاشتکار تھا، پھر بزنس مین بنا اور اس کے بعد سیاست میں آیا، میرے خلاف جھوٹی کہانی بنائی گئی۔ جو ایف آئی آرز درج کی گئیں ان میں فرضی کہانی بنائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خلاف مقدمات کا چینی کی قیمت بڑھنے سے کوئی تعلق نہیں۔ تینوں ایف آئی آرز میں چینی کی قیمت بڑھانے کا کوئی ذکر نہیں۔‘
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ چالیس ارکان اسمبلی وزیراعظم سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انصاف کیا جائے اور اس معاملے کو مزید آگے نہ بڑھائیں۔
اسحاق خاکوانی نے کہا کہ آج انصاف ہے نہ ایمانداری ہے۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پانچ سے چھ دن دے دیں، چند دنوں میں الزامات کا جواب دیں گے۔ سب کچھ سامنے لے آئیں گے۔ ہم کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے۔