انڈیا میں کورونا بے قابو، دہلی کی سڑکوں پر مریض اور لاشیں
انڈیا میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران صورتحال حکام کے قابو سے باہر ہے اور دارالحکومت دہلی کے ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کے بعد مریض فٹ پاتھ پر انتظار کر رہے ہیں جبکہ سٹریچر پر لاشوں کو منتقل کرنے کے مناظر عام ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اپنی رپورٹس میں انڈیا سے صورتحال کی انتہائی بدتر تصویر دکھا رہے ہیں۔
انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں 28 لاکھ 13 ہزار سے زائد ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی میں ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا ہے جو اب تین مئی تک جاری رہے گا۔
کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے انڈیا میں اب تک ایک کروڑ 69 لاکھ شہری اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد انڈیا کورونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔

