کھیل

پی ایس ایل کے بقیہ میچز پاکستان نہیں‌تو کہاں‌ہوں گے؟

مئی 7, 2021 2 min

پی ایس ایل کے بقیہ میچز پاکستان نہیں‌تو کہاں‌ہوں گے؟

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی چھ ٹیموں کے مالکان نے لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے مشاورت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے میدانوں کو پہلی ترجیج قرار دیا ہے.
جمعے کو ایک ورچوئل اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائز کے مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی صدارت میں ہوا، جس میں شرکا نے لیگ کے انعقاد سے متعلق این سی او سی کی ہدایات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا۔
اجلاس میں لیگ کے بقیہ 20 میچز کے لیے پہلی ترجیح متحدہ عرب امارات کو ہی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چونکہ اب دونوں ممالک میں عید کی تعطیلات کا آغاز ہو چکا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو 23 جون کو دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے، لہٰذا پی سی بی اب ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کر کے ایونٹ کو منعقد کرنے پر تبادلہ خیال کرے گا۔
اجلاس میں ہونے والی کارروائی کے مطابق تعطیلات کے دوران پی سی بی ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کی تیاری پر بھی کام کرے گا۔ اس دوران پی سی بی پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گراؤنڈ پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا۔
اسی طرح پی سی بی اس دوران ممکنہ مالی اور دیگر خدشات کا جائزہ لینے کے بعد فرنچائزز سے مشاورت کے بعد مقام سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ کرے گا۔
اجلاس کے بعد وسیم خان کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس بہت مفید رہا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے دوران بائیو سکیور ببل ٹوٹنے اور کھلاڑیوں میں کورونا وائرس تشخیص ہونے کے بعد چار مارچ کو ایونٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایونٹ کے بقیہ 20 میچز دو جون سے شیڈول کیے گئے ہیں جن کے لیے تمام کھلاڑیوں کو ایونٹ کے آغاز سے قبل 7 روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 20 جون کو کھیلا جانا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے