کرکٹ ورلڈکپ مقابلوں میں دس کے بجائے اب 14 ٹیمیں
Reading Time: < 1 minuteانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ کے 2027 اور 2031 کے ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک بار پھر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
منگل کو آئی سی سی کی جانب سے 2024 سے 2031 تک کے عالمی مقابلوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔
’منی ورلڈ کپ‘ کے نام سے مقبول چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں میں ٹیموں کی تعداد آٹھ ہوگی جو 2025 اور 2029 میں منعقد کیے جائیں گے۔
آخری بار چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس کے فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ سنہ 2019 کے ورلڈ کپ میں صرف دس ٹیموں نے شرکت کی تھی اور اس کی فاتح ٹیم میزبان انگلینڈ رہی تھی۔ اس سے پہلے 2015 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 14 تھی۔
تاہم آئی سی سی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’2027 اور 2031 کا آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 14 ٹیموں اور 54 میچوں پر مشتمل ہوگا۔ جبکہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گے، اور 2024، 2026، 2028 اور 2030 کا ٹورنامنٹ 55 میچوں پر مشتمل ہوگا۔‘
آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد کم کر کے دس کرنا ایک متنازع فیصلہ تھا۔ ناقدین کا خیال تھا کہ یہ فیصلہ اس کھیل کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
تاہم آئی سی سی حکام نے اس وقت یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اس فیصلے سے ’مس میچ‘ کا خطرہ کم ہے اور براڈکاسٹرز کی بھی یہی ترجیح ہے۔