پاکستان24

برطانیہ نے نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی

اگست 5, 2021 2 min

برطانیہ نے نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی

Reading Time: 2 minutes

برطانیہ کے محکمہ داخلہ نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔

جمعرات کو مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نواز شریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کر سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ’برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیر موثر رہے گا اور اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف برطانیہ میں قانونی طورپر مقیم رہ سکتے ہیں۔‘

جمعرات کو مقامی ذرائع ابلاغ پر ویزے کی درخواست مسترد ہونے کی خبروں پر اس وقت نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے ان اطلاعات کی تردید کی تھی تاہم اس کے تھوڑی بعد میڈیا میں نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کے حوالے سے بیان نشر کیا گیا جس میں انھوں نے ان خبروں کی تصدیق کی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’نواز شریف کے پاس پہلا آپشن یہ ہے کہ وہ پاکستانی ہائی کمیشن جائیں، وہاں سے سفری دستاویزات حاصل کریں اور واپس پاکستان آئیں، تاہم یہاں انہیں جیل جانا پڑے گا اور اپنے مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

فواد چوہدری نے دوسرے آپشن کے حوالے سے بتایا کہ ’نواز شریف لندن میں ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے اقدام کو چیلنج کریں۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’نواز شریف کے پاس اپیل کے لیے گراؤنڈ موجود نہیں ہے کیونکہ وہ بیمار نہیں ہیں، وہ چل پھر بھی رہے ہیں اور ریسٹورنٹس میں بھی جا رہے ہیں۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اپیل میں نواز شریف جھوٹ بولیں گے جس پر انہیں برطانیہ کی عدالت سے بھی سزا ہو سکتی ہے۔‘

انہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ پاکستانی ہائی کمیشن جا کر وہاں سے سفری دستاویزات حاصل کریں اور ان مقدمات کا سامنا کریں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کی نواز شریف کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، وہ لوٹے ہوئے پیسے واپس کریں اور اپنے گھر میں رہیں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’یا وہ پیسے واپس کریں گے یا پھر جیل جائیں گے۔‘

نواز شریف کی درخواست مسترد کیے جانے کے حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’ان کا پاسپورٹ 16 فروری کو منسوخ ہو گیا تھا اور اب وہ ہمارے شہری نہیں ہیں۔‘

اس سوال پر کہ اگر ان کو واپس آنا پڑے تو کیا وہ آسکتے ہیں اس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کو جیل جانا پڑے گا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر چار ہفتے کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی۔

نواز شریف نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے پاکستان سے برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔

نواز شریف کو لندن جانے کی اجازت دینے کو وزیراعظم عمران خان متعدد بار اپنے غلطی قرار دے چکے ہیں۔ خیال رہے کہ لندن میں قیام کے کچھ عرصے بعد نواز شریف نے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے