کابل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ، ہلاکتوں کے متضاد دعوے
Reading Time: < 1 minuteافغانستان کے دارالحکومت کابل میں اتوار کی سہ پہر ایک ڈرون حملے میں امریکی حکام کے مطابق داعش کو نشانہ بنایا گیا تاہم مقامی رہائشیوں کے مطابق گھر میں کھڑی کار نشانہ بنائی گئی۔
امریکی فوج کے مطابق کابل میں داعش کے کار سوار خود کش بمبار پر ڈرون حملہ کیا ہے جو کہ کابل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے ترجمان بل اربن کے مطابق امریکی فوج نے کابل میں ایک گاڑی پر دفاعی ڈرون حملہ کیا جس میں داعش کی جانب سے درپیش خطرے کو ختم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نشانہ بننے کے بعد گاڑی میں ہونے والے دھماکوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس میں کافی مقدار میں بارودی مواد موجود تھا۔
خیال رہے امریکہ نے سنیچر کو کابل ایئرپورٹ کے قریب ایک ’مخصوص اور یقینی خطرے‘ کے حوالے سے انتباہ کرتے ہوئے اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ علاقہ چھوڑ دیں۔
اے ایف پی کے مطابق فوری طور پر دہشت گردی کے خطرے کے انتباہ ے امریکی افواج کے زیر نگرانی انخلا کی کوششوں کو متاثر کیا اور انہیں طالبان کے ساتھ قریبی سکیورٹی تعاون پر مجبور کیا۔
کابل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہونے والے داعش کے خودکش حملے میں 150 سے زائد افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔