ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے گاڑی چلا کر آنے والے کو مقدمے کا سامنا
Reading Time: < 1 minuteجرمنی میں پولیس نے ایک ایسے شہری کا ڈرائیونگ امتحان فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے اس کے خلاف تحقیقات شروع کی ہیں جو ٹیسٹ دینے کے مقام تک گاڑی چلا کر آیا تھا۔
پولیس نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے آنے والے کے خلاف بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
کولون شہر کے نزدیک برغیم کے علاقے کی پولیس نے بتایا کہ 37 سالہ شہری خود گاڑی چلا کر ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے آیا۔
جب شہری نے اپنی اوپل زیفرا گاڑی ٹیسٹ سینٹر کے باہر پارک کی اور گاڑی سے اترا تو سامنے کھڑا ممتحن پولیس افسر ششدر رہ گیا۔
موقع پر پولیس افسران کو طلب کیا گیا تو شہری نے بتایا کہ وہ مقررہ وقت پر پہنچ کر بروقت ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے لیے گاڑی خود چلا کر لایا۔
شہری کا ڈرائیونگ ٹیسٹ فوری طور پر منسوخ کر کے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کر دیا گیا جبکہ پولیس نے کار کے مالک کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔