خیبر پختونخوا میں مسلسل دوسرے دن پولیو سکیورٹی ٹیم پر حملہ
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
اتوار کو ٹانک میں یہ مسلسل دوسرے دن ہونے والا حملہ ہے۔
حملہ ٹانک شہر کے نواحی گاؤں گرہ شادہ میں میں کیا گیا۔
فائرنگ سے ہلاک پولیس اہلکار کا نام نذیر بتایا گیا ہے۔
قبل ازیں سنیچر کو بھی ٹانک میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔ گاؤں گرہ چدھرڑ میں پولیو سیکورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ٹانک ڈاکٹر احسان اللہ نے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو سکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا۔
ڈاکٹر احسان اللہ کے مطابق حملے میں زخمی اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال لایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹانک سجاد احمد کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ اس کے جنگجووں نے کیا ہے۔

