سال 2021 میں دنیا کے کس ملک میں کتنے صحافی قتل کیے گئے؟
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کا کہنا ہے کہ سال 2021 کے دوران دنیا بھر میں 45 صحافیوں کو قتل کیا گیا جو کہ اب تک کسی بھی سال کے دوران قتل کیے جانے والے صحافیوں کی کم ترین تعداد ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی ایف جے کے اعداد و شمار گزشتہ ہفتے رپورٹر وداؤٹ فرنٹیئرز (آر ایس ایف) کی جانب سے جاری اعداد کے قریب تر ہے جن کے مطابق 2021 کے دوران دنیا بھر میں 46 صحافی مارے گئے۔
آر ایس ایف کے مطابق بھی یہ تعداد 1995 کے بعد سے اب تک کسی بھی سال کے دوران مارے گئے صحافیوں کی کم ترین تعداد ہے۔
خیال رہے آر ایس ایف نے صحافیوں کے قتل کے اعداد و شمار 1995 سے جمع کرنا شروع کر دیا تھا۔
ہلاک ہونے والوں میں افغانستان کے نو صحافی بھی شامل ہیں جو کہ کسی ایک ملک میں سال کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
2021 کے دوران میکسیکو میں آٹھ، انڈیا میں چار اور پاکستان میں تین صحافی مارے گئے۔
آئی ایف جے کے مطابق میڈیا ورکرز کو عموماً اپنے ملکوں، شہروں اور کمیونٹیوں میں کرپشن، جرائم اور طاقت کے غلط استعمال کو بے نقاب کرنے پر قتل کیا جاتا ہے۔

