کشمیر کے مندر میں بھگدڑ سے 12 ہندو یاتری ہلاک
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں بھگدڑ کے باعث 12 یاتری ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو علی الصبح ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں یاتریوں کے رش کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
یاتریوں کی ایک بڑی تعداد نئے سال کے موقعے پر عبادت کے لیے آئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یاتری ویشنو دیوی بھون میں داخل ہو رہے تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگڈر کی وجہ سے ہلاکتوں پر انتہائی غمزدہ ہیں۔
انہوں نے نیشنل ریلیف فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے لیے دو لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کیا ہے۔
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ان کو مندر میں بھگڈر کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہے۔

