’ویڈیو شواہد موجود‘، عثمان مرزا کیس میں ریاست پیروی کرے گی
Reading Time: < 1 minuteمتاثرہ لڑکی اور لڑکے کی جانب سے گواہی سے مُکر جانے پر پاکستان کی وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں ہراساں کرنے اور ویڈیو بنانے کے مشہور کیس میں عثمان مرزا اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کیس کی پیروی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو حکمران جماعت تحریک انصاف کی پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری نے عثمان کیس کے حوالے سے وزارت قانون میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایک بیان میں ریاست کی جانب سے مقدمے کی پیروی جاری رکھنے کا بتایا۔
خیال رہے کہ منگل کو کیس کی سماعت کے موقع پر متاثرین نے ملزمان کو پہچاننے سے انکار کیا گیا تھا۔
ملیکہ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ خواتین سے زیادتی اور ہراساں کرنے کے مقدمات کی ریاست خود پیروی کرے۔
ان کا کہنا تھا کل ریاست تمام متاثرہ خواتین اور بچوں کے ساتھ کھڑی ہے، خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مرتکب مجرم کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔