برطانیہ بھی تحقیقات کرے، ’ہیوی اماؤنٹ‘ پر حریم شاہ کو لینے کے دینے پڑ گئے
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی حکومت نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی کرنسی کی بڑی مالیت کے ساتھ ویڈیو برطانیہ سے شیئر کر کے معلومات فراہم کرنے کے لیے کہا ہے۔
پاکستان میں اس معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پہلے ہی نوٹس لے کر انکوائری شروع کی ہے۔
پریس کانفرنس میں مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ’منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا۔ برطانوی کرائم ایجنسی سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے تاکہ وہ بھی ریکارڈ دیکھیں۔ ایسی چیز مذاق کے قابل نہیں۔‘
حریم شاہ نے بدھ کو ویڈیو شیئرنگ ایپ ’سنیک ویڈیو‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کے سامنے برطانوی کرنسی کی گڈیاں موجود تھیں اور وہ پاکستانی روپے اور پاسپورٹ کی ’وقعت‘ نہ ہونے پر شکوہ بھی کررہی تھیں۔
بعد ازاں انہوں نے اپنی ویڈیو کی وضاحت بھی کی کہ ان کے ایک دوست کی رقم تھی۔ ان کے ساتھ دوسری ویڈیو میں موجود شخص اپنا تعلق گجرات سے بتاتے ہوئے کہتے دیکھے گئے کہ حریم شاہ سے ان کا ایسا ویسا کوئی تعلق نہیں اور یہ کہ وہ منی چینجر ہیں جس کے دفتر میں یہ ویڈیو بنائی گئی۔
حریم شاہ نے اپنے ہاتھ میں پاؤنڈز اٹھا کر بتایا تھا کہ وہ پہلی بار اتنی ’ہیوی اماؤنٹ‘ لے کر پاکستان سے برطانیہ آ رہیں تھیں۔
انہوں نے اپنی ویڈیو میں لوگوں کو یہ پیغام دیا کہ ’اماؤنٹ لاتے وقت تھوڑا خیال رکھیے گا کیونکہ آپ کو پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا، آپ کو پتا ہے اور کہہ بھی نہیں سکتے۔‘
حریم شاہ نے کہا کہ’میں تو بہت آسانی سے یہ رقم لے کر آ گئی تھی۔‘
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد نہ صرف حریم شاہ شدید تنقید کی زد میں آئیں بلکہ صارفین نے پاکستان کے نظام پر بھی انگلیاں اٹھائیں۔