یہودیوں کو یرغمال بنا کر عافیہ صدیقی کی رہائی مانگنے والا ہلاک
Reading Time: < 1 minuteامریکہ میں یہودی عبادت گاہ میں متعدد افراد کو یرغمال بنا کر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے شخص کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ریاست ٹیکساس کے شہر کولیویل میں ایک مسلح شخص نے یہودی عبادت گاہ میں چار افراد کو یرغمال بنا کر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی نژاد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایک امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوج اور حکومت کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے سات الزامات میں مجرم قرار دیا تھا اور انھیں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
سنیچر کی صبح شروع ہونے والے اس واقعے کا اختتام دس گھنٹے بعد اس وقت ہوا جب ایف بی آئی کے اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو ہلاک کر کے یرغمالی رہا کرائے۔
مقامی پولیس کے مطابق اس دوران مشتبہ شخص سے مذاکرات کیے گئے۔
ایف بی آئی کے مطابق حملہ آور کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی جائے گی تاکہ تحقیقات متاثر نہ ہوں۔
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ ملزم نے کسی یرغمالی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا اور اس کا صرف ایک ہی مطالبہ تھا۔