اہم خبریں پاکستان

عمران خان واقعی سڑکوں پر خطرناک ثابت ہوں گے: شیخ رشید

جنوری 26, 2022 2 min

عمران خان واقعی سڑکوں پر خطرناک ثابت ہوں گے: شیخ رشید

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اگر واقعی سڑکوں پر آ گئے تو بہت خطرناک ثابت ہوں گے اور یہ کہ ان کا بیان اپوزیشن کے لیے تھا۔

بدھ کو راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دیگر خوش قسمتیوں میں سے سب سے اہم یہ ہے کہ انہیں نااہل اپوزیشن ملی۔

پی ڈی ایم کی جانب سے 23 مارچ کو لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد پہنچنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے اپوزیشن قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس لیے آنا چاہتے ہیں، ان کا ایجنڈا کیا ہے؟

شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ اپنا شوق پورا کر لیں، ہم کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے، یہ سیاسی شکست کھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’23 مارچ کو سڑکیں بند ہوں گی جبکہ ممکن ہے کہ موبائل سروس بھی بند ہو، کیونکہ اس روز اسلامی دنیا کے سینکڑوں وزرائے خارجہ اسلام آباد آ رہے ہیں۔‘
شیخ رشید نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا ہے، ان کو مالیاتی بل پر بھی شکست ہوئی ہے۔

ان کے مطابق ’اپوزیشن استعفوں اور اس کے بعد عدم اتحاد کی تحریک سے بھاگ گئی، اب بھی اس سے کچھ نہیں ہونا۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے ساڑھے تین سال میں عمران خان کے خلاف غیرذمہ دارانہ بیانات کے سوا کچھ نہیں کیا۔

صدارتی نظام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی معاملہ کابینہ میں نہیں آیا۔

شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کے الفاظ ’مکھی کی طرح عمران خان کو نکالیں گے‘ کو عجیب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت تو عمران خان کے پاس ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے