مفادات کے لیے غلط معلومات پھیلانے سے معاشرے کو خطرہ: جنرل باجوہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بیرونی مفادات کی خاطر غلط معلومات کا پھیلانا نہ صرف غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی کے لیے بھی خطرہ ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔
ان کو فارمیشن کے مختلف آپریشنل اور تربیتی امور سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
اس کے بعد آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی، ایل سی ای، پی یو اور جی سی یو کے وائس چانسلرز، فیکلٹی اور طلبہ و طالبات نے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور ملک کا مفید شہری بنانے پر تعلیمی اداروں کع سراہا اور کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صنعت اور ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے کہا کہ ’پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، مناسب مواقع اور سازگار ماحول مہیا کرنے سے نوجوان پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی جانب لے جائیں گے۔‘
تعلیمی اداروں کے فیکلٹی اراکین اور طلبہ و طالبات نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔
سیشن کے دوران کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔