اہم خبریں پاکستان

رجسٹرار کے اعتراضات، تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست واپس

فروری 1, 2022 < 1 min

رجسٹرار کے اعتراضات، تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست واپس

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کی سپریم کورٹ میں سیاست دانوں کی تاحیات نااہلی کے خاتمے کے لیے دائر درخواست عدالت کے رجسٹرار نے اعتراضات لگا کر واپس کر دی ہے۔

سپریم کورٹ کے وکلا کی ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر رجسٹرار کے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق ہے اور نہ اس کا کوئی حق سلب ہوا ہے۔

رجسٹرار کے دفتر نے اعتراض میں یہ بھی کہا ہے کہ ایک بار کسی مقدمے کا فیصلہ ہو جائے تو نئی درخواست دائر نہیں کی سکتی۔

درخواست گزار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے رجسٹرار کے اعتراضات کے حوالے سے بتایا کہ وہ جلد ایک نئی درخواست دائر کریں گے اور اعتراضات کو دور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابات سے متعلق تنازعات میں استعمال کیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 3/184 کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی۔
درخواست کے مطابق آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق نہیں ملتا، جو کہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔

درخواست کے مطابق اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نااہلی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
’اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نااہلی متعلقہ حلقہ کے ووٹرز کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔‘

یاد رہے اس وقت پاکستان میں دو اہم سیاسی رہنما تاحیات نااہلی کا شکار ہیں، جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین شامل ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے