وزیراعظم عمران خان سے جنرل قمر باجوہ کی ملاقات میں اہم کیا؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نےوزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات سے متعلق مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی تاہم میڈیا کو بھیجی گئی ویڈیو میں جنرل باجوہ کو عمران خان سے کچھ فاصلےپر صوفے پر بیٹھے دکھایا گیا ہے.
علاقائی امور پر نظر رکھنے والے باخبر صحافیوں کے مطابق جنرل باجوہ نے وزیراعظم سے ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ کے دورے میں سامنے آنے والی ڈیمانڈ اور اس کے بعد پڑوسی ملک ایران کے وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے متعلق گفتگو کی.
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کی فوج کے سینکڑوں اہلکاروں کی موجودگی چاہتا ہے تاکہ وہاں یمن کی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی کو دیکھا جا سکے.
قبل ازیں پیر ہی کو عارف علوی سے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی۔
ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے صدر مملکت کو سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری، دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔