اہم خبریں پاکستان

ہائیکورٹ: بیرون ملک مقیم پاکستانی سے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے وفاداری کا حلف نامہ طلب

فروری 16, 2022 2 min

ہائیکورٹ: بیرون ملک مقیم پاکستانی سے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے وفاداری کا حلف نامہ طلب

Reading Time: 2 minutes

دانش ارشاد، صحافی ۔ اسلام آباد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری سے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے ملک سے وفاداری کا حلف نامہ طلب کیا ہے۔

درخواست گزار جمیل مقصود برسلز میں مقیم ہیں اور2017 میں پاسپورٹ تجدید کی غرض سے برسلز قونصلیٹ میں جمع کروایا اور پھر پاسپورٹ واپس نہ مل سکا۔

پاسپورٹ نہ ملنے پر انہوں نے قونصلیٹ سے وجہ جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ وہ پاکستان میں بلیک لسٹ ہیں اور ان کا پاسپورٹ ضبط ہو چکا ہے جس پر انہوں نے 2019 میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے اپنے بھائی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور درخواست میں انہوں نے وزارت داخلہ پاکستان ، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور فرسٹ سیکرٹری برسلز قونصلیٹ کو فریق بنایا تھا۔

درخواست کی سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی اور متعلقہ اداروں سے پاسپورٹ ضبط کرنے کی وجوہات طلب کیں جس پر وزارت داخلہ اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار جمیل مقصود برسلز میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ میں ملوث ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق جمیل مقصود نے یورپی یونین اور انسانی حقوق کونسل میں کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی حاصل نہیں اورنہ ہی بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور سی پیک کے خلاف سازش میں بھی مصروف رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بھارت کے نشریاتی اداروں کو بھی انٹرویو دیتے رہے ہیں جس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا واقعی ایسا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے انکار کر دیا اس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو حکم دیا کہ درخواست گزار پاکستان سے وفاداری کا بیان حلفی جمع کروائے۔

کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے