اہم خبریں متفرق خبریں

محسن بیگ کی گرفتاری، اسلام آباد کی دو عدالتوں کے دو فیصلے

فروری 16, 2022 2 min

محسن بیگ کی گرفتاری، اسلام آباد کی دو عدالتوں کے دو فیصلے

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اخباری مالک اور تجزیہ کار محسن بیگ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے محسن بیگ کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے.

بدھ کو اسلام آباد پولیس کے تھانہ مارگلہ کے اہلکاروں نے محسن بیگ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس اہلکاروں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا اور عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے ملزم کو رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا تھا۔

محسن بیگ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر پولیس حراست میں میڈیا کو بتایا کہ صبح سویا ہوا تھا، یہ ڈاکوؤں کی طرح گھر میں داخل ہوئے۔

محسن بیگ نے بتایا کہ بغیر وردی گھر میں آئے، گھر میں فیملی ہے۔ تھانے میں ایف آئی اے والوں نے تشدد کیا، جبکہ میں پولیس کسٹڈی میں تھا۔

محسن بیگ نے کہا کہ ایف آئی اے والوں نے تشدد سے میری ناک، پسلیاں توڑی ہیں، میرا میڈیکل کرا لیں۔

ادھر اسلام آباد کی ایک عدالت نے محسن بیگ کے گھر پر مارے جانے والے چھاپے کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔

محسن بیگ کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف دائر ایک پیٹیشن پر سماعت کے بعد جاری ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چھاپہ مار ٹیم میں جو لوگ شامل تھے انہیں ایسی کسی بھی کارروائی کا اختیار حاصل ہی نہیں تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے فیصلے میں سوال اٹھایا کہ محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے لاہور نے 9 بجے مقدمہ درج کیا 10 بجے ٹیمیں اسلام آباد کیسے پہنچیں؟

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو غیر قانونی چھاپہ مارنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی چاہیے تھی نہ کہ محسن بیگ۔

پاکستان میں صحافی اور صحافتی تنظیمیں محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کر رہی ہیں اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر راجہ ذوالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ عدالتی انکوائری اور تحقیقات ہونے تک محسن بیگ کو رہا کیا جائے۔

پی ایف یو جے کے عہدیداروں نے اس گرفتاری کو صحافیوں کو ڈرانے کا حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ اگر محسن بیگ کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو پی ایف یو جے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے گی۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے