’باکسنگ سےپہلے جیسی محبت نہیں رہی‘، عامر خان ناک آؤٹ
Reading Time: 2 minutesپاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو برطانوی باکسر کیل بروک نے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کی رات انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں ہونے والی فائٹ میں پرانے حریف ابتدا میں اچھا لڑے اور پھرکیل بروک نے عامر خان کو چھٹے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
12 راؤنڈز پر مشتمل یہ فائٹ چھٹے ہی راؤنڈ میں اس وقت ختم ہو گئی جب عامر خان اپنا دفاع کرنے میں مسلسل ناکام رہے اور ریفری وکٹر لوگلین نے آگے بڑھ کر مقابلہ ختم ہونے کا اشارہ کیا۔
دونوں باکسرز کے درمیان طویل عرصے کے بعد ہونے والے اس مقابلے پر دنیا بھر سے شائقین کی نظریں جمی تھیں۔ اس فائٹ کے ٹکٹ 10 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے اور صرف چند منٹ میں ہی ہزاروں ٹکٹ شائقین نے خرید لیے تھے۔
یاد رہے کہ 35 برس کے عامر خان اور کیل بروک دونوں نے 17 برس کی عمر میں سنہ 2004 میں باکسنگ رنگ میں ایک ساتھ قدم رکھا تھا۔
یہ عامر خان کا چالیسواں پروفیشنل مقابلہ تھا اور اس سے قبل وہ 35 مقابلوں میں کامیاب جبکہ صرف چار میں ناکام رہے جبکہ انھوں نے 21 مقابلوں میں اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔ عامر خان کے پاس کامن ویلتھ لائٹ ویٹ چیمپیئن ہونے کے ساتھ ساتھ ڈبلیو بی اے کا لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل بھی ہے۔
دوسری جانب کیل بروک کی یہ چالیسویں فتح تھی اور وہ اب تک صرف تین مقابلے ہارے ہیں جبکہ انھوں نے 27 مرتبہ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔
مقابلے سے قبل مانچسٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ کیل بروک کو ہار کا مزا چکھائیں گے۔
عامر خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں نے اپنے ذہن میں شکست ڈالی ہی نہیں کیوںکہ میں نے صرف جیتنا ہے۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ فائٹ ہار بھی گئے تو ان کا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں لیکن شکست کے بعد سکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ ہار کے بعد بہت غمزدہ ہیں۔
’40 فائٹس بہت زیادہ ہوتی ہیں، دو ورلڈ ٹائٹل جیتنا، امریکہ جانا۔ مجھے اپنے خاندان کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت ہے لیکن میرے خیال میں میرا کرئیر اب اختتام کی طرف ہے۔‘
عامر نے یہ بھی کہا کہ ان کی کھیل سے محبت اب ’پہلے جیسی نہیں رہی۔ پہلے جب میں رنگ میں ہوتا تھا تو مجھ میں بہت جوش ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں۔ شاید یہ ایک اشارہ ہے۔‘