لوگ سڑکوں پر ہیں، آئی ایم ایف ہاتھ ہلکا رکھے: وزیر خزانہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اگلے چند ماہ میں ملک ترقی کرے گا، آئی ایم ایف ہاتھ ہلکا رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، ہاتھ ہلکا رکھے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چھ سات مہینوں میں صورت حال بہت بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے نام لیے بغیر اپوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ چند ماہ میں اتنی ترقی ہو جائے گی کہ ان کے پاس کوئی چانس نہیں بچے گا۔
’اسی لیے پریشر ڈالا جا رہا ہے، انہیں پتہ ہے کہ یہ وقت ہاتھ سے نکل گیا تو پھر پی ٹی آئی ہاتھ نہیں آئے گی۔‘
مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شوکت ترین نے بتایا کہ اس کی بڑی وجہ بیرونی بحران ہیں۔
ان کا کہنا تھا پچھلے کچھ عرصے کے دوران مہنگائی میں کمی آئی ہے تاہم باہر سے منگوائی جانے والی چیزوں کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ بیرونی حالات ہیں۔
’جنوری میں 13 فیصد مہنگائی ہوئی اس ماہ کم ہو کر 12 پر آئی۔‘
ان کے مطابق نومبر سے فروری تک افراط زر کی شرح ایک جیسی رہی جس کا مطلب ہے کہ اس وقت ملکی حد تک قیمتیں کنٹرول کر لی گئی ہیں۔
شوکت ترین کے بقول اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں ایک سو چار ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔