آئی ایس آئی آصفہ بھٹو سے ڈرون ٹکرانے کی انکوائری کرے: بلاول بھٹو
Reading Time: < 1 minuteپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن آصفہ زرداری سے کیمرا ڈرون ٹکرانے کی تحقیقات آئی ایس آئی کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ’آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہمارے لیے پیغام تھا۔ آئی ایس آئی، انٹیلی جنس ایجنسیز سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’دو ایسے واقعات ہوئے جو میرے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ایک واقعہ آصفہ بی بی پر حملے کا ہے۔ آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے لیے پیغام تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر اعتماد نہیں، میں آئی ایس آئی اور انٹیلی جنس ایجنسیز سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ تیار کریں۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی دھمکی بھی ناقابل برداشت ہے۔ ’جو سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے وہ جان لیں ہماری رگوں میں شہیدوں کا خون ہے۔ اب ہم بچے نہیں رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم جمہوریت کے حامی ہیں، میں ایک پُر امن آدمی ہوں اور پُر امن رہوں گا۔ سیاست کرنا ہمارا حق ہے۔ آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھمکی دیں گے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میں نے خاتون اول کے لیے کبھی غلط زبان استعمال نہیں کی، ہمیں تو بتایا گیا ہے کہ کوئی پوسٹنگ خاتون اول کی اجازت کے بغیر نہیں ہوتی۔‘