پاکستان

جنرل باجوہ نے لمز کے طلبہ کو عمران خان کے بارے میں کیا بتایا؟

مارچ 15, 2022

جنرل باجوہ نے لمز کے طلبہ کو عمران خان کے بارے میں کیا بتایا؟

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے لاہور کی یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز میں طلبہ سے کی گئی گفتگو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دلچسپ مباحثہ جاری ہے۔
‏‎‎
منگل کو سوشل میڈیا پر حکمران جماعت تحریک انصاف کے حامی ہینڈلز سے سول سُپرمیسی کے عنوان کے تحت پوسٹ کی گئی جو واٹس ایپ گروپس میں بھی پھیلائی گئی۔

اس پوسٹ کے مطابق ”چیف آف آرمی سٹاف نے پیر کو لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائیسنز کا دورہ کیا ، جہاں طلبہ سے ان کا مکالمہ ہوا۔“

پی ٹی آئی کے حامی طلبہ کے مطابق جنرل باجوہ نے ایک موقع پر کہا کہ ”اگر آپ سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں میرا حکم چلتا ہے یا اس ملک کا کرتا دھرتا میں ہوں تو پھر آپ کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کون ہیں؟“

اس حوالے سے باقاعدہ تصدیق ممکن نہیں ہو پا رہی کہ کیا انہوں نے ایسی کوئی بات کی۔

کمیل علی نامی طالب علم کی جانب سے سب سے پہلے یہ مکالمہ ٹوئٹر پر شیئر کیا گیا۔ جس کے بعد بحث شروع ہوئی۔

ماہم ناصر نامی لمز کی ایک خاتون لیکچرر نے اپنے ایک طالب علم سے منسوب کر کے ٹویٹ کیا کہ ”معلوم نہیں کیا ہوا مگر جو بھی جنرل باجوہ کے ساتھ سیشن میں شریک تھا وہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ گیا اور ان کا حامی بن کر نکلا۔“

اس پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ وہ در ہی ایسا جو جاتا ہے وہاں کا ہو جاتا ہے۔

میوند خان نامی ایک طالب علم نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے جنرل باجوہ سے پوچھا کہ جو سوال وجواب سیشن میں ہوئے کیا وہ اس کی مکمل اور درست تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کر سکتے ہیں؟

جنرل کا جواب تھا کہ نہیں، یہ قواعد کے خلاف ہوگا۔

متعدد صارفین نے جنرل باجوہ سے منسوب بات کو پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ونگ کی خود ستائی قرار دیا ہے.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے