واحد ٹی 20، آسٹریلیا کا دورے کا اختتام جیت کے ساتھ
Reading Time: 2 minutesلاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو 163 رنز کا ہدف دیا تھا جسے مہمان ٹیم نے آخری اوور میں مکمل کر لیا۔
کپتان ایرون فنچ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ 14 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی جوش انگلس تھے جنہوں نے 15 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ وہ عثمان قادر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
محمد وسیم نے مارکوس سٹونس کو آؤٹ کیا۔ وہ 23 رنز بنا سکے۔ مارنوس لابوشین کو عثمان قادر نے سٹمپ آؤٹ کیا۔
قبل ازیں منگل کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی تو کپتان بابر اعظم کی نصف سینچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں گرین شرٹس نے 162 رنز بنائے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے سکور کو آٹھویں اوور میں 67 تک پہنچایا۔
اس موقع پر محمد رضوان 23 رنز بنانے کے بعد گرین کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 19 گیندوں کا سامنا کیا۔
رضوان کے بعد آنے والے بلے باز فخر زمان اگلی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے ایک فل ٹاس گیند قریب کھڑے فیلڈر کو آسان کیچ کی صورت میں تھمائی۔
پاکستان کی تیسری وکٹ افتخار احمد کی گری جنہوں نے 13 رنز بنائے۔ انہوں نے 13 ہی گیندوں کا سامنا کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 46 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 118 تھا۔
پانچویں وکٹ آصف علی کی صورت میں گری جو تین رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد خوشدل شاہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے کیچ دے بیٹھے۔
حسن علی آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے جنہوں نے چار گیندوں پر دس رنز سکور کیے۔ عثمان قادر نے چھ گیندوں پر 18 رنز بنائے۔